بارامتی میں سنیترا اجیت پوار کا جنتا دربار

تاثیر 13 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 13 مارچ :مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ سنیترا اجیت پوار نے بارامتی کے دورے کے دوران شہریوں سے براہ راست رابطے کے لیے اپنے رہائشی بنگلے “سہیوگ” میں جنتا دربار منعقد کیا۔ جمعہ کی صبح منعقد ہونے والے اس اجلاس میں انہوں نے عوام کی شکایات سنیں اور متعلقہ حکام کو فوری طور پر ان کے حل کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ صبح سے ہی بارامتی تعلقہ کے مختلف علاقوں سے شہری بڑی تعداد میں سہیوگ سوسائٹی پہنچنے لگے تھے۔ اس موقع پر خاص طور پر خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے اپنی شکایات اور مسائل براہ راست نائب وزیر اعلیٰ کے سامنے پیش کیے۔خواتین نے زیادہ تر شکایات ریاستی حکومت کی “مکھیہ منتری ماجھی لاڑکی بہن یوجنا” سے متعلق پیش کیں جبکہ بعض شہریوں نے مقامی بنیادی سہولیات اور ذاتی مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ سنیترا پوار نے تمام شکایات کو توجہ سے سنا اور موقع پر موجود افسران کو ہدایت دی کہ ان معاملات کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے۔ اسی دوران پونے کے قریب واگھولی میں ہونے والے مہاراشٹر کیسری کشتی مقابلے کے منتظمین نے بھی سنیترا پوار سے ملاقات کر کے انہیں اس اہم کھیل کے مقابلے میں شرکت کی دعوت دی۔ہ