بہار کے بھاگلپور میں نیٹ طالبہ کی مشتبہ موت

تاثیر 23 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بھاگلپور، 23 مارچ :بھاگلپور میں ایک نیٹ طالبہ نے دوپٹہ سے پھانسی لگا کر خود کشی کر لی۔ واقعہ براری تھانہ علاقہ کے تحت خنجر پور (جھوہا کوٹھی) کے وندھیا واسینی ہاسٹل میں پیش آیا۔ دیر رات جب بغل کے کمرے میں رہنے والی ایک طالبہ نے متوفی کے دروازے پر دستک دی تو کوئی جواب نہیں ملا۔ اس کے بعد طالبہ چلانے لگی ۔ دیگر طالبہ نے شور سن کر مالک مکان کو فون کیا اور اس کے موسیرے بھائی انکش کو اطلاع دی۔
انکش ہاسٹل پہنچا اور لاش کو پھندے سے لٹکا ہوا پایا۔ دروازہ ٹوٹا ہوا تھا اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ہاسٹل مالک اور متوفی کے موسیرے بھائی کی موجودگی میں لاش کو قبضے میں لے لیا۔فارنسک ٹیم کو بھی جائے وقوعہ پر بلایا گیا اور شواہد اکٹھے کئے۔ متوفی کی شناخت ارریہ کی رہنے والی طالبہ سریشتی سنگھ (17) کے طور پر کی گئی ہے۔