نوشہرہ سیکٹر میں ہلاک شُدہ دہشت گرد لشکر طیبہ کا آپریٹیو تھا

تاثیر 11 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 11 مارچ :ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول کے قریب دراندازی کی ناکام کوشش کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت کر لی گئی ہے۔ حکام کے مطابق ہلاک شدہ شخص پاکستان میں قائم لشکرِ طیبہ تنظیم کا لانچنگ آپریٹیو تھا۔

فوجی حکام نے بدھ کے روز بتایا کہ یہ دہشت گرد منگل کو سہ پہر تقریباً تین بجے نوشہرہ سیکٹر کے جھنگڑ علاقے میں مارا گیا، جب وہ اپنے ایک ساتھی کے ساتھ سرحد پار سے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔دستاویزات اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ہلاک شدہ دہشت گرد کی شناخت حمزہ یوسف کے نام سے ہوئی ہے جو مقبوضہ کشمیر کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق حمزہ یوسف لشکرِ طیبہ کے لانچ پیڈ ماڈیول کا ایک اہم رکن تھا اور اسے مسلح دہشت گردوں کو بھارتی حدود میں داخل کروانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ اس کی ہلاکت کو کالعدم تنظیم کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق ہلاک شدہ دہشت گرد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، جس میں اے کے طرز کی ایک رائفل دو میگزین کے ساتھ، دو پستول چار میگزین کے ساتھ، 58 گولیاں، تین دستی بم، ایک موبائل فون، دو سم کارڈ اور پاکستانی کرنسی شامل ہے۔تاہم تصادم کے دوران اس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا اور دوبارہ پاکستانی حدود میں واپس چلا گیا۔