تاثیر 07 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 07 مارچ : ضلع ڈوڈہ میں عوام کو معیاری اور محفوظ اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہفتہ کے روز بھدرواہ قصبے کے مرکزی بازاروں میں ایک مشترکہ مارکیٹ چیکنگ مہم چلائی گئی۔ اس مہم کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) بھدرواہ نے کی۔معائنہ کے دوران ضلع انتظامیہ، فوڈ سیفٹی محکمہ، میونسپل کمیٹی بھدرواہ، محکمہ حیوانات، پولیس اور کنزیومر افیئرز اینڈ پبلک ڈسٹری بیوشن (سی اے پی ڈی) کے حکام پر مشتمل ٹیم نے تقریباً 50 کلو گرام سڑے ہوئے پھل اور سبزیاں ضبط کر کے موقع پر ہی تلف کر دیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 3 کلو گرام ممنوعہ پلاسٹک پولیتھین بیگز بھی ضبط کر کے تباہ کیے گئے۔
حکام نے مختلف خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف چالان کی سفارش کی گئی، جبکہ فوڈ سیفٹی محکمہ نے تعلیمی اداروں کے نزدیک تمباکو مصنوعات فروخت کرنے والے دکانداروں پر ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ اس کے علاوہ بغیر ڈھانپے گوشت فروخت کرنے والے مٹن اور چکن فروشوں سے دو ہزار روپے بطور کمپاؤنڈ جرمانہ وصول کیا گیا۔

