رمضان المبارک کا آخری عشرہ جہنم سے نجات کا ذریعہ :سی محمد فیضی

تاثیر 13 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کالی کٹ مرکز میں 25 ویں شب کو رمضان روحانی اجتماع کا انعقاد ،ریاست بھر سے علما ،عمائدین سمیت ہزاروں فرزندان توحید کی شرکت یقینی

کالی کٹ (عبدالکریم امجدی )رمضان المبارک کا آخری عشرہ نہایت بابرکت اور عظمت والا ہے۔ احادیثِ مبارکہ کے مطابق اس عشرے میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر خاص رحمتیں نازل فرماتا ہے اور بہت سے لوگوں کو جہنم کی آگ سے آزادی عطا فرماتا ہے۔یہ عشرہ جہنم سے نجات حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔کیرالہ کے معروف عالم دین مرکز الثقافۃ کے ڈائیریکٹر جنرل علامہ سی محمد فیضی نے آج یہاں ایک بیان میں رمضان کے آخری دس دنوں میں عبادات کی تلقین کی ۔  اسی عشرے میں شبِ قدر بھی آتی ہے، جو ہزار مہینوں کی عبادت سے افضل رات قرار دی گئی ہے۔انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اس بابرکت عشرے کی قدر کریں، زیادہ سے زیادہ عبادت کریں اور اللہ تعالیٰ سے مغفرت اور جہنم سے نجات کی دعا مانگیں۔انہوں نے بتایاکہ اس سلسلہ میں مرکز الثقافۃ السنیہ ۲۵ ویں شب کو ایک روزہ عظیم الشان روحانی دعا اجتماع کا انعقاد کر رہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ شب بیداری اور دعا اذکار پر مشتمل ریاست کا سب سے بڑا رمضان دعا ء اجتماع ہے ۔ جو سنیچر کو دوپہر ۱ بجے سے شروع ہوگا اور ریاست کے معروف علما ء وقائدین کی قیادت میں مختلف علمی ،روحانی ہونگی ۔ جن میں دورۃ القرآن، زکوٰۃ اسٹڈی فورم، ختم دعا مجلس، حلاوت القرآن ،قرآن اسٹڈی اجلاس، محضرۃ البدریہ، ورد اللطیف، مجلس توبہ، تہلیل اور اسماء الحسنیٰ کی محافل شامل ہیں۔زائرین کیلئے  ایک عظیم اجتماعی افطار کا بھی اہتمام ہے۔مسجد الحاملی میں تسبیح، اوابین، تراویح اور وتر کی نمازوں کے بعد رات 10:00 بجے مرکزروحانی اجلاس عام ہوگا ۔

 

جس میں خصوصی خطاب گرانڈ مفتی آف انڈیا شیخ ابوبکر احمد کرینگے۔اہم شرکا ء میں ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری ،ڈاکٹر ایڈوکیٹ محمد حسین ثقافی ،سمتھا کیرالہ کے صدر ای سلیمان مسلیار ،سید علی بافقیہ ،سید خلیل البخاری ،سید شرف الدین ،سید عبدالفتاح اھدل،سید محمد تراب ثقافی ،رحمت اللہ ثقافی کے اسماء شامل ہیں ۔واضح رہےکہ مرکز رمضان لیالی کے تحت پورے تیس دنوں کیلئے افطار ،رمضان خطبات ،محفل ذکر ،تلاوت مجلس ،دورۃ القرآن ،جلسہ اعتکاف جاری رہتا ہے ۔ شب قدر کیلئے طاق راتوں میں مزید خصوصی دعائیہ اجلاس منعقد ہوتا ہے ۔مبشر نورانی کےمطابق ۲۵ ویں شب کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیرالہ ونواحی علاقوں سے کثیر تعداد میں روزہ دار شریک ہورہے ہیں ۔ انکے قیام وطعام ودیگر تمام سہولیت کا منظم طریقے سے بندوبست کیا گیا ۔ یہ پروگرام ظہر بعد سے تاسحری مسلسل جاری رہے گا ۔ آخرمیں سادات کی موجودگی میں عالمی امن وامان اور ملک وملت کی فلاح وبہبودی کیلئے خاص دعا ہوگی ۔اراکین جامعہ نے شرکت کی پُر خلوص گذارش کی ہے ۔