تاثیر 16 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 16 مارچ: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز کہا کہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینے کی ضرورت ہے جو ٹیکنالوجی کے لحاظ سے مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی اور اخلاقی اقدار سے بھی مالا مال ہو۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ بھارت چیلنجوں سے بھری دنیا کی رہنمائی میں اپنا مقام دوبارہ حاصل کرے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جموں میں سنٹرل سنسکرت یونیورسٹی میں مہاراجہ رنبیر سنگھ کے مجسمے کی نقاب کشائی کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی کے جموں کیمپس کا نام تبدیل کرکے شری مہاراجہ رنبیر سنگھ کیمپس رکھنے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا کے فکری اور اخلاقی شعور کو فروغ دینے میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت انسانی فلاح کو مدنظر رکھتے ہوئے عالمی امن اور مشترکہ خوشحالی کے لیے ہمیشہ پرعزم رہا ہے۔

