آپریشن ننھے فرشتے کے تحت بچائے گئے تین بچے

تاثیر 26 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بھاگلپور، 26 مارچ : آپریشن ننھے فرشتے کے تحت ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) پوسٹ برہروا، مالدہ ڈویژن کے اے ایس آئی سریش پاسوان اور کانسٹیبل انیل کمار ساہا کی ٹیم نے برہروا ریلوے اسٹیشن سے تین بچوں کو بچایا۔

معمول کی چیکنگ اور نگرانی کے دوران پلیٹ فارم نمبر 2 پر فٹ اوور برج کے قریب ایک لڑکا اور دو لڑکیاں مشکوک انداز میں کھڑے پائے گئے۔ پوچھ گچھ کرنے پر وہ اسٹیشن پر اپنی موجودگی کے بارے میں تسلی بخش وضاحتیں فراہم کرنے سے قاصر رہے۔ مزید پوچھ گچھ پر انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ جھارکھنڈ کے گڈا ضلع کے رہنے والے ہیں۔ تفصیلی پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ وہ کام کی تلاش میں کسی دوسری ریاست جانے کے ارادے سے اپنے گھروں سے بھاگے تھے۔ معاملے کی حساسیت اور انسانی اسمگلنگ کے امکان کو دیکھتے ہوئے آر پی ایف ٹیم نے فوری طور پر بچوں کو اپنی تحویل میں لے لیا اور مزید قانونی کارروائی اور تحفظ کے لیے انہیں بحفاظت آر پی ایف پوسٹ برہروا پہنچایا۔

اس کے بعدبچائے گئے بچوں کی مناسب دیکھ بھال کے لیے چائلڈ پروٹیکشن منتھن راج محل (صاحب گنج) کواطلاع دی گئی۔ آر پی ایف ٹیم کی یہ فوری کارروائی آپریشن ننھے فرشتے کے تحت بچوں کے تحفظ اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مالدہ ڈویژن کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔