تاثیر 02 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 02 مارچ:ضلع کشتواڑ میں حالیہ جھڑپ کے دوران کالعدم تنظیم جیشِ محمد سے وابستہ تین پاکستانی دہشت گردوں کی ہلاکت کے چند روز بعد فوج کے ایک اعلیٰ افسر نے پیر کے روز تمام دستوں کو چوکس، متحرک اور مشن پر مرکوز رہنے کی ہدایت دی ہے۔فوج کی وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے کشتواڑ کے پہاڑی ضلع میں سلامتی کی صورتحال اور جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے یہ ہدایات جاری کیں۔ فوج کے مطابق انہوں نے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ہر حال میں اعلیٰ معیار برقرار رکھنے پر زور دیا۔اس موقع پر انسدادِ بغاوت فورس (ڈیلٹا) کے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل اجے سنگھ داباس بھی ان کے ہمراہ تھے، جنہوں نے حال ہی میں میجر جنرل اے پی ایس بال سے کمان سنبھالی ہے۔
فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈیلٹا فورس کی ثابت قدمی، آپریشنل توجہ اور فرض شناسی قابلِ ستائش ہے۔ تمام اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہر کارروائی میں پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے مکمل مستعدی کا مظاہرہ کریں۔

