وزیر اعظم کے کولکاتا دورے سے پہلے ترنمول نے ہورڈنگز لگا کر احتجاج کیا

تاثیر 14 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 14 مارچ : وزیر اعظم نریندر مودی کی کولکاتہ آمد سے عین ایک رات قبل میٹروپولیٹن شہر میں حکمراں ترنمول کانگریس نے بقایا مرکزی فنڈز کے مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے بڑے پیمانے پر ہورڈنگ لگا کر سیاسی پیغام دینے کی کوشش کی۔ان ہورڈنگز میں ’’گو بیک مودی‘‘ کا نعرہ بھی نمایاں طور پر ظاہر کیا گیا ہے ۔
وزیر اعظم کی ہفتے کے روز کولکاتا کے بریگیڈ گراؤنڈ میں ایک انتظامی میٹنگ کے ساتھ ایک بڑی سیاسی ریلی کو لے کر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ذریعہ شہر بھر میں بڑے پیمانے پر تیاریاں کی گئی تھیں۔ مختلف مقامات پر اجتماع سے متعلق ہورڈنگز آویزاں کیے گئے۔
اس کے جواب میں ترنمول کانگریس نے ریلی سے ایک رات پہلے شہر اور آس پاس کے علاقوں میں ہورڈنگز لگا دیئے۔ ان ہورڈنگز میں دعویٰ کیا گیاہے کہ مرکزی حکومت پر مغربی بنگال کا ایک لاکھ 96ہزار کروڑ روپے بقایا ہے۔یہ ہورڈنگز ماں فلائی اوور سمیت کئی اہم مقامات پر واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔