تاثیر 23 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن، 23 مارچ :۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کو مغربی ایشیا میں جاری فوجی تنازعہ کے درمیان ایرانی توانائی کی تنصیبات پر حملہ کرنے کے اپنے منصوبے کو پانچ دن کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کی ایران کے ساتھ اچھی اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ہے اور وہ اپنی فوج کو حکم دیں گے کہ وہ ایرانی پاور پلانٹس اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر کسی بھی فوجی حملے کو ملتوی کرے۔ ٹرمپ نے کہا، “مجھے یہ اطلاع دیتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مشرق وسطیٰ میں ہماری باہمی دشمنی کے مکمل خاتمے کے حوالے سے گزشتہ دو دنوں میں بہت اچھی اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ہے۔”
امریکی صدر نے کہا کہ “میں نے محکمہ جنگ کو ایرانی پاور پلانٹس اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر ہونے والے تمام فوجی حملے پانچ دنوں کے لیے ملتوی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس فیصلے کا انحصار جاری ملاقاتوں اور بات چیت کی کامیابی پر ہو گا ۔
ٹرمپ کا پیغام 48گھنٹے کی اس وقت مقررہ کی حد ختم ہونے پر آیا ہے جو انہوں نے ایران پر لگائی تھی ۔اس حد کے تحت ایران کو آبنائے ہرمز سے جہازوں کے محفوظ گزرنے کی اجازت دینا تھی یا پھر اپنے پاور پلانٹ پر حملوں کا سامنا کرنا پڑتا جو کہ ایک بڑا تنازع کو جنم دے سکتا تھا۔

