تاثیر 31 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ضلع اردو زبان سیل کلکٹریٹ مشرقی چمپارن کے زیر اہتمام “اردو داں طلباء و طالبات حوصلہ افزائی تقریری مسابقہ” بحسن و خوبی اختتام پذیر
ضلع اردو ز بان سیل مشرقی چمپارن کے زیر اہتمام راجندر ہال واقع احاطہ کلکٹریٹ موتی ہاری میں انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا۔ جس کی صدارت ڈی ایم مشرقی چمپارن جناب سوربھ جوروال نے فرمائی اور نظامت کے فرائض اردو مترجم کلکٹریٹ غلام ربانی مصباحی نے انجام دیے۔ تقریب کا افتتاح ڈی ایم مشرقی چمپارن عالی جناب سوربھ جوروال نے شمع روشن کر کیا۔ ڈی ایم نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ہمارے ملک کی خوب صورتی ہے کہ مختلف علاقوں میں مختلف بولیاں بولی اور سمجھی جاتی ہیں۔ لیکن اس ملک کی مٹی سے پیدا ہونے والی اور صوفی سنتوں، رشی منیوں کی آغوش میں آنکھیں کھولنے والی زبانوں میں اردو اور ہندی سرفہرست ہے۔ اردو زبان ہماری مشترکہ تہذیب و ثقافت کی ترجمان ہے۔ اردو نہایت شیریں اور میٹھی زبان ہے۔ ملک کے ہر گوشے میں یہ بولی اور سمجھی جاتی ہے۔ اس کی ترویج و اشاعت کے لیے اردو ڈائریکٹوریٹ ، محکمہ کابینہ سکریٹریٹ حکومت بہار کی جانب سے اہم اقدامات کیے جارہے ہیں اور اس کی ترویج و ترقی کے لیے متعدد منصوبے چلائی جارہی ہیں۔ اس لیے ہم تمامی احباب ان سے استفادہ کریں اور اس زبان کی درس و تدریس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ضلع اردو سیل انچارج آفیسر و الیکشن آفیسر جناب سرفراز نواز نے کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں اردو زبان کے بولنے اور سمجھنے والے لوگ موجود ہیں۔ اردو زبان کے ذریعے سے ہم دوسری زبانوں کی ادائیگی سلیقے سے کرسکتے ہیں۔ اس کی اہمیت و افادیت کسی پر پوشیدہ نہیں ہے۔ اس کی تعلیم پر ہم توجہ دیں اور اپنے بچوں کو اس کی تعلیم ضرور دلائیں۔ حکومت بہار کے ذریعے چلائے جارہے منصوبوں کے زیر اہتمام ہی یہ تقریب منعقد ہوئی ہے۔ اس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ اس زبان کا فروغ ہو اور ہم اس کے لیے بیدار ہوں۔ اردو سیل کے مترجم غلام ربانی مصباحی نے کہا کہ اس طرح کے مسابقوں سے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور انہیں آگے بڑھنے میں مدد ملتی ہے۔ آپ تمامی احباب سے گذارش ہے کہ آپ اردو کو اپنی بول چال کی زبان بنالیں اور اپنی درخواست اردو زبان میں دیں اور اپنا دستخط بھی اردو میں کریں۔ اگر ہم نے تساہلی و لاپرواہی برتی تو یہ ہماری آنے والی نسلوں کے لیے نقصان دہ ہے۔
” اردو داں طلباء و طالبات حوصلہ افزائی تقریری مقابلہ “میٹرک و مساوی میٹرک ،انٹر و مساوی انٹر اور گریجویشن و مساوی گریجویشن کے طلباء و طالبات کے درمیان متعدد عنوانات کے تحت منعقد ہوا۔ تمام طلباء و طالبات نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بہت ہی بہترین انداز میں تقریر پیش کیا۔ میٹرک سطحی مقابلے میں پہلی پوزیشن شاداب عالم، دوسری پوزیشن فیصل رحمٰن، بشری ترنم ، نور فاطمہ، تیسری پوزیشن ہاجرہ ترنم ، الطاف ضیا، شائستہ پروین، فلک ناز نے حاصل کیے۔ انٹر سطحی مقابلے میں میں پہلی پوزیشن درخشاں پروین، دوسری پوزیشن روشن آرا، ادیبہ ناز، انجم آرا، تیسری پوزیشن رئیسہ فردوس، نکہت پروین، شفا پروین، کیف عالم نے حاصل کیے۔ گریجویشن سطح کے مقابلے میں پہلی پوزیشن طوبی ناز، دوسری پوزیشن آفتاب عالم ، محمد کاشف، ارشد جمال، تیسری پوزیشن رونق جہاں، شاہنواز، عباد الرحمن، طیب ترنم نے حاصل کیے۔ ضلع افسران کے ہاتھوں کامیاب طلباء و طالبات کو توصیفی سند اور مومنٹو سے نوازا گیا۔ جبکہ اعزازی رقم ان کے بینک اکاؤنٹ میں محکمہ کی جانب سے بھیجا جائے گا۔
فیصل کی حیثیت سے ڈاکٹر تفضیل احمد تفضیل، اسسٹنٹ پروفیسر وسیم رضا رامیشور سنگھ کالج مظفرپور، اسسٹنٹ پروفیسر مشہور عالم ایم ایس کالج موتی ہاری، اردو معلم جناب فیروز عالم، صحافی ابو سلمان احمد نے اپنی ذمہ داری نبھائی اور اپنے گراں قدر تاثرات پیش کیے۔
اس تقریب میں ضلع مشرقی چمپارن کے اطراف و اکناف سے سینکڑوں کی تعداد میں طلباء، اساتذہ، صحافی، اردو مترجمین اور محبان اردو نے شرکت کی۔

