ایران کے ساتھ جنگ طویل عرصہ تک چلے گی: اسرائیل کا اعلان

تاثیر 09 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

تل ابیب،09مارچ:اسرائیلی فوج کے چیف آف سٹاف ایال زامیر نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ معرکہ طویل عرصے تک جاری رہے گا۔ فوجی کارروائیوں کے نویں دن میں داخل ہونے پر انہوں نے اسے اپنی نسل کی جنگ قرار دے دیا۔ زامیر نے مزید کہا کہ یہ جنگ حساس اور فیصلہ کن ہے جو آنے والے کئی سالوں تک اسرائیل کے مستقبل اور سکیورٹی کا تعین کرے گی۔اسرائیلی چیف آف سٹاف نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو بتا رہا ہوں کہ مشرق وسطیٰ میں ایرانی شر پسند بازوؤں کے لیے کہیں بھی کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے، نہ بیروت میں اور نہ ہی کہیں اور۔ اس بیان سے ان کا اشارہ لبنان میں حزب اللہ، عراقی دھڑوں اور یمن کے حوثیوں کی طرف تھا۔ شمالی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حزب اللہ ایرانی آکٹوپس کا ایک انتہا پسند بازو ہے اور وہ اس کی بھاری قیمت چکا رہا ہے اور آئندہ بھی چکاتا رہے گا۔
اسرائیلی چیف آف سٹاف نے اس تناظر میں کہا کہ اسرائیلی افواج نے گزشتہ رات بیروت میں پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس سے وابستہ ایرانی دستوں کے خلاف کارروائی کی اور انہیں نشانہ بنایا۔ اسی دوران اسرائیلی فوج نے لبنان میں قدس فورس کے 5 ارکان کے جاں بحق ہونے کا بھی اعلان کیا ہے۔