تاثیر 10 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،10مارچ:ایرانی پاسداران انقلاب نے تنازع کے خاتمے کے وقت سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کب ختم ہو گی .. یہ ہم طے کریں گے۔منگل کے روز ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان علی محمد نائینی نے کہا کہ وہ آبنائے ہرمز میں امریکی بیڑے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، ساتھ ہی انہوں نے خطے میں تیل کی برآمدات کے تحفظ کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ’اگر امریکی اور اسرائیلی حملے جاری رہے تو تہران خطے سے تیل کا ایک لیٹر بھی برآمد کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔‘یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس موقف کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے پیر کے روز کہا تھا کہ ایران کے ساتھ جنگ “ایک مختصر مدت کا سفر ہوگی”۔ انہوں نے اشارہ کیا کہ “جنگ اپنے خاتمے کے قریب ہے لیکن اس ہفتے نہیں”۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست فلوریڈا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران مزید کہا کہ جنگ میں سب سے بڑا خطرہ ابتدائی دنوں میں تھا، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کارروائیاں “دشمن کی مکمل اور فیصلہ کن شکست تک” جاری رہیں گی۔امریکی صدر نے ایران کو دھمکی بھی دی کہ اگر اس نے تیل کی سپلائی میں رکاوٹ ڈالی تو اسے ایک بڑے حملے کا نشانہ بنایا جائے گا۔

