تاثیر 2 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) مقامی شانتی پرساد جین کالج میں پولیٹیکل سائنس کے پوسٹ گریجویٹ ڈیپارٹمنٹ نے بہار کے پہلے وزیر اعظم عزت مآب بیرسٹر محمد یونس جو اب وزیر اعلیٰ کے طور پر جانے جاتے ہیں کے لئے ایک یادگاری دن کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب کا افتتاح شعبہ سیاسیات کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر علاءالدین انصاری عزیزی نے کیا اور شری شنکر کالج سہسرام کے شعبہ سیاسیات کی مہمان لکچرر ڈاکٹر ورشا رانی نے خصوصی مقرر کی حیثیت سے شریک تھیں ۔ پولیٹیکل سائنس ڈیپارٹمنٹ کے تین اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شوبھا کماری، ڈاکٹر شوبھا کماری اروی اور مسز انورادھا بالا نے یادگاری دن کی تقریب میں تمام حاضرین کا خیرمقدم کیا اور انہیں مبارکباد دی ۔ انھوں نے بیرسٹر یونس کی شخصیت اور کارناموں پر بھی روشنی ڈالی اور انہیں آنے والی نسلوں کے لئے تحریک کا ذریعہ قرار دیا، کہا کہ بہار کی سیاست کو ایک نئی سمت دینے اور ملک کی جامع ثقافت کو بڑھانے کے لئے انھیں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر علاءالدین انصاری عزیزی نے کہا کہ پٹنہ کے نوبت پور کے قریب ایک گاؤں میں پیدا ہونے والے بیرسٹر یونس نے 1937 کے صوبائی انتخابات میں 40 مسلم مخصوص نشستوں میں سے 20 پر کامیابی حاصل کی تھی، وہ بہار کے پہلے وزیر اعلیٰ، پھر وزیر اعظم کے طور پر جانے جاتے تھے اور تقریباً تین ماہ تک اس عہدے پر فائز رہے ۔ انکے بعد شری بابو اور انوگرہ بابو آئے جو بالترتیب وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم بنے ۔ یہ بات مشہور ہے کہ بیرسٹر یونس اعلیٰ نظریات کے حامل انسان تھے اور انکا خاندان آج بھی قانون اور انصاف کے شعبوں میں انتہائی قابل احترام اور نامور ہے ۔ “یونس کی کوٹھی”، جسے بیرسٹر یونس کے نام سے منسوب کیا گیا ہے آج بھی سہسرام میں خوبصورت بوڑھن پہاڑی پر کھڑا ہے اور اپنے نام سے مشہور ہے ۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر ورشا نے کہا کہ بیرسٹر یونس کا نام بہار کی تاریخ اور ہندوستان کی سیاسی ترقی کے ساتھ وہ قومی خدمات کی تاریخ میں بھی ہمیشہ زندہ رہینگے ۔ مذکورہ تقریب میں ہندی ڈپارٹمنٹ کے ڈاکٹر وکاس کمار، ڈاکٹر سنجئے کمار اور ڈاکٹر رتناکر شرما، شعبہ فزکس کے سربراہ ڈاکٹر ستیش کمار، فلسفہ شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر شویتا کماری، باٹنی شعبہ کے ڈاکٹر گورو کمار، بڑا بابو اروند پانڈے وغیرہم کی تقاریر اور موجودگی بیرسٹر محمد یونس صاحب کی خدمات اور انکے متعلق خیالات شرکاء کیلئے معلومات افزا ثابت ہوئی ۔

