تاثیر 4 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 4 اپریل: مہاراشٹر کے ناسک ضلع کے ڈنڈوری میں کل رات ایک بے قابو کار کنویں میں گر گئی۔ حادثے میں ایک ہی خاندان کے نو افراد ہلاک ہو گئے۔ ناسک پولیس کی ٹیموں نے ہفتہ کی صبح تک کنویں سے تمام لاشیں نکال لیں۔
پولیس کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ ناسک ضلع کے شیواجی نگر علاقے کے ایک اسکول میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کے لیے درگوڑے کا خاندان گیا تھا۔ وہاں سے واپسی کے دوران ،جمعہ کی رات کو تقریباً 10 بجے درگوڑے خاندان کی کار اچانک بے قابو ہو کر کنویں میں گر گئی۔ اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، نگر پنچایت فائر بریگیڈ کی ٹیم اور پولیس فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
کنواں پانی سے بھرا ہونے اور رات ہونے کی وجہ سے ابتدائی طور پر ریسکیو آپریشن میںدقت پیش آئی۔ صبح ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم نے کرین کا استعمال کرتے ہوئے کار اور تمام لاشوں کو کنویں سے نکالا۔ اس حادثے میں سنیل دتاتریہ درگوڑے (35)، ریشما سنیل درگوڑے (33) کے ساتھ راکھی، آشا، مادھوری، اور شروانی درگوڑے کے علاوہ سریشٹی (16)، شریش (11) اور سمریدھی (7) کی موت ہوگئی۔ پورا گاو¿ں سوگ میں ڈوبا ہوا ہے۔

