الیکشن کے درمیان ای ڈی نے ترنمول لیڈر سوجیت باسو اور رتھن گھوش کو سمن بھیجا

تاثیر 22 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا ، 22اپریل :مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے درمیان، مرکزی تفتیشی ایجنسی ای ڈی نے ترنمول کانگریس کے دو امیدواروں اور ریاستی کابینہ کے ارکان سوجیت باسو اور رتھن گھوش کو تازہ سمن جاری کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کو میونسپل باڈی کی تقرری میں بے ضابطگیوں کے کیس کے سلسلے میں 24 اپریل کو پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سوجیت باسو بدھ نگر اسمبلی حلقہ سے انتخاب لڑ رہے ہیں ، جب کہ رتھن گھوش 29 اپریل کو ہونے والی ووٹنگ کے دوسرے مرحلے میں مدھیاگرام سیٹ سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ انتخابی مہم کے عروج پر جاری کیے گئے اس سمن نے سیاسی ماحول کو مزید گرما دیا ہے۔ذرائع کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں ہے جب دونوں رہنماؤں کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے طلب کیا ہو۔ انہیں پہلے بھی کئی بار طلب کیا گیا اور ایجنسی کے سامنے پیش ہوئے۔ ایک موقع پر باسو کا بیٹا ضروری کاغذات لے کر باسو کی جگہ مرکزی دفتر پہنچا۔صرف سوجیت باسو اور رتھن گھوش ہی نہیں ، ترنمول کانگریس کے ایک اور امیدوار دیباشیش کمار کو بھی انتخاب کے درمیان متعدد بار طلب کیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ محکمہ انکم ٹیکس نے ان کی رہائش گاہ کی تلاشی بھی لی ہے۔