بہار کے نوجوان کی ممبئی میں قتل سے مشتعل لوگوں نے لاش پہنچنے پر سڑک کو کیا جام

تاثیر 2 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 2 اپریل : ۔بہار کے نوجوان کی ممبئی کے دھاراوی میں گذشتہ دنوں قتل کر دیا گیا تھا۔ جس کی لاش گاؤں پہنچنے پر لوگ مشتعل ہوگئے اور سڑک جام کر دیا۔ اطلاع کے مطابق ممبئی کے دھاراوی ماہم پھاٹک علاقے میں قتل کیے گئے شیوہر ضلع کے ایک نوجوان کی لاش جمعرات کے روز اس کے آبائی گاؤں پہنچنے کے بعد اہل خانہ اور گاؤں والے مشتعل ہوگئے ۔ مشتعل لوگوں نے ویدیا ناتھ پور کے قریب شیوہر-تریانی-مینا پور اسٹیٹ ہائی وے کو مکمل طور پر جام کر دیا اور زبردست احتجاج کیا۔

واقعے کے دوران ٹائر میں آگ بھی لگائی گئی جس سے علاقے میں کشیدہ صورتحال پیدا ہوگئی اور آمدورفت متاثر ہوا۔ مظاہرین نے انتظامیہ پر سنگین غفلت کا الزام لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کو کئی دن گزر جانے کے باوجود کسی بھی سرکاری یا عوامی نمائندے نے متاثرہ خاندان کی عیادت نہیں کی اور نہ ہی ان کی خیریت دریافت کی۔ اس لاپروائی نے عوامی غصے کو مزید بھڑکا دیا، جس کی وجہ سے وہ لاش کے ساتھ سڑک پر بیٹھ گئے اور انصاف اور معاوضے کا مطالبہ کیا۔

مقتول کی شناخت 25 سالہ دھیرج کمار ٹھاکر ولد اودھیش ٹھاکر ساکن ویدیاناتھ پور تھانہ تریانی کے طور پر ہوئی ہے۔ اطلاع کے مطابق 30 مارچ کی صبح ممبئی کے دھاراوی ماہم پھاٹک علاقے میں دھیرج کا قتل کر دیا گیا تھا۔

مقتول کے بھائی نیرج کمار ٹھاکر نے ممبئی کے شاہو نگر تھانہ میں اس واقعے کے حوالے سے ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ ایف آئی آر میں دھاراوی ماہم پھاٹک روڈ واقع غوثیہ گلی بنواری کمپاؤنڈ میں رہنے والے کئی افراد کے نام درج ہیں۔ ملزمین میں اسامہ ،مقصود علی شیخ،اویش ،کلیم شاہ، یاسین شیخ اور محمد ارمان ،سبحان چودھری کے نام شامل ہیں۔