تاثیر 12 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ڈھاکہ، 11 اپریل :بنگلہ دیش کی نئی سلیکشن کمیٹی نے، جس کی قیادت حبیب البشر نے کی، اس نے ہفتے کے روز نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے دو ایک روزہ بین الاقوامی میچوں (او ڈی آئی) کے لیے وہی 15 رکنی اسکواڈ برقرار رکھا، جس نے گزشتہ ماہ پاکستان کو گھریلو سرزمین پر 1-2 سے شکست دی تھی۔ سیریز کے پہلے دو میچ 17 اور 20 اپریل کو ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے جبکہ تیسرا میچ 23 اپریل کو چٹگاؤں میں کھیلا جائے گا۔
ٹیم کی قیادت مہدی حسن میراز کریں گے۔ تاہم حالیہ جیت کے باوجود بعض بلے بازوں کی کارکردگی کے حوالے سے سوالات برقرار ہیں۔ سیف حسن اور عفیف حسین کی پاکستان کے خلاف تین اننگز میں بالترتیب 17.33 اور 19 رنز کی اوسط رہی- یہ اعداد و شمار توقعات سے کم تھے۔
فاسٹ باؤلنگ کے شعبے میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ سلیکٹرز نے ناہید رانا، تسکین احمد، مستفیض الرحمان اور شرف الاسلام پر اپنا اعتماد برقرار رکھا ہے۔ اسے ایک مستحکم امتزاج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو حالیہ دنوں میں اپنائے جانے والے باؤلرز کو بار بار تبدیل کرنے کی پالیسی کے برعکس ہے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم کے پانچ کھلاڑی اس وقت پاکستان میں جاری لیگ میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ تمام کھلاڑی 12 اپریل کو قومی ٹیم کو جوائن کرنے والے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد صرف مستفیض الرحمان ہی لیگ میں واپس آئیں گے۔ ون ڈے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز بھی ہونی ہے۔

