تاثیر 4 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)
نگر پنچایت علاقہ میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب جی ایس ٹی محکمہ کی پٹنہ سے آئی خصوصی ٹیم نے معروف تاجر سرون کمار جاجودیا کے مین روڈ پر واقع سیمنٹ و روڑی کی دکان، رہائش گاہ، مختلف گوداموں اور اٹال بستی کے گودام پر ایک ساتھ چھاپہ ماری شروع کر دی۔ صبح سے جاری اس کارروائی میں ٹیم نے دستاویزات، اسٹاک رجسٹر اور لین دین کے تمام ریکارڈز کی باریکی سے جانچ کی۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ چھاپہ ٹیکس چوری اور مالی بے ضابطگیوں کے الزامات کے سلسلے میں مارا گیا ہے۔ دکان سے لے کر گودام تک ہر جگہ اسٹاک کا موازنہ کیا جا رہا ہے۔ کارروائی کی خبر پھیلتے ہی علاقے میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ آس پاس کے تاجر اور دیہاتی موقع پر جمع ہو گئے، کئی دکانداروں نے اپنی اپنی دکانیں بند کر دیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جاجودیا سیمنٹ کے کاروبار میں کم وقت میں ہی کافی آگے نکل گئے ہیں۔ جانچ ابھی جاری ہے اور دیر رات تک چلنے کا امکان ہے۔ جی ایس ٹی محکمہ نے فی الحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے، لیکن اسے ایک بڑی مالی دھاندلی کی جانچ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ افسران نے اسٹاک کی جسمانی تصدیق کرتے ہوئے مال کی دستیابی اور دستاویزات میں درج تفصیلات کا موازنہ کیا۔ جانچ کا عمل نہایت باریکی سے انجام دیا گیا، جس میں خرید و فروخت کے ریکارڈ، ٹیکس ادائیگی اور دیگر مالی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس اچانک کارروائی سے مقامی تاجروں میں تشویش اور غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ کئی تاجر اپنے اپنے کاروباری مراکز پر احتیاط برتتے نظر آئے۔ خبر لکھے جانے تک جی ایس ٹی محکمہ کی جانچ جاری تھی اور افسران کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا تھا۔

