سرحدی دیہات ہندوستان کی پہلی دفاعی لائن ہیں۔ایل جی

تاثیر 1 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, یکم اپریل :جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ سرحدی دیہات ہندوستان کی پہلی دفاعی لائن ہیں اور وہاں کے رہائشی ملک کا پہلا چہرہ ہیں جسے کوئی بیرونی شخص دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے لوگ ہمت، قربانی اور صبر میں سب سے آگے ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کی ترجیحات میں بھی سرفہرست ہیں۔وہ بدھ کے روز ضلع جموں کے سرحدی گاؤں مکوال میں وائبرنٹ ولیجز پروگرام (مرحلہ دوم) کے تحت منعقدہ ایک عوامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے باشندے روزانہ کی بنیاد پر ملک کی خدمت انجام دے رہے ہیں، لہٰذا اس خدمت کا اعتراف صرف الفاظ تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ہر خاندان کے معیارِ زندگی میں واضح نظر آنا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنر نے حکام کو ہدایت دی کہ کوئی بھی مستحق خاندان نظر انداز نہ ہو اور جہاں سرکاری اسکیمیں ناکافی ہوں وہاں فوری حل نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی دیہات کی ترقی ان کے لیے ایک جذبہ، عزم اور ذمہ داری ہے۔