سرکاری اراضی پر تجاوزات کے خلاف بلڈوزر چلا

تاثیر 7 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مشرقی سنگھ بھوم، 7 اپریل: مشرقی سنگھ بھوم ضلع کے پوٹکا تھانہ علاقہ کے تحت ٹوڑی موضع میں سرکاری اراضی پر تجاوزات کے خلاف منگل کو انتظامیہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے بلڈوزرچلا کر غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کردیا۔ یہ کارروائی پوٹکا کی بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر نکیتا بالا کی ہدایت پر کی گئی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق،توڑی موضع میں ٹھیکیدار رنجیت مشرا جمشید پور ریسورس پرائیویٹ لمیٹڈ اور منوج کمار سنگھ کے ذریعہ سرکاری زمین پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر کے تعمیراتی کام کیا جا رہا تھا۔ معاملے کا علم ہونے پر، ضلع مجسٹریٹ نے جے پی ایل ای کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے متعلقہ فریقوں کو مقررہ مدت کے اندر تجاوزات ہٹانے کی ہدایت دی ۔

تاہم ڈیڈ لائن ختم ہونے کے باوجود کسی بھی فریق نے تجاوزات نہیں ہٹائی، جس کے بعد ضلع انتظامیہ نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے تجاوزات ہٹانے کا فیصلہ کیا۔ کارروائی کے دوران، سی آئی ہیمنت کمار اور ریونیو ملازم شانتی رام شڈنگی کو مجسٹریٹ کے طور پر تعینات کیا گیا تھا ،وہیں بڑی تعداد میں پولیس فورس کی موجودگی میں پورے علاقے کوخالی کروایا گیا ۔

انتظامی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر رنجیت مشرا، منوج کمار سنگھ اور متعلقہ کمپنی کی طرف سے کی گئی غیر قانونی تعمیر کو مکمل طور پر منہدم کر دیا۔ پوری کارروائی پرامن طریقے سے انجام دی گئی ۔