تاثیر 22 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بی ڈی او احمر ابدالی نے تمام عام شہریوں سے کی مردم شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل۔
ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)
مردم شماری 2026 کے سلسلے میں پہلے مرحلے سے قبل شمار کنندگان اور نگرانوں کی تربیت کے آخری مرحلے کا آغاز بدھ بتاریخ 22 اپریل 2026 سے ہو گیا ہے۔ یہ تربیتی پروگرام 24 اپریل 2026 تک جاری رہے گا۔ تربیت کے پہلے دن مردم شماری ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے مقرر ضلع کشن گنج کے نوڈل افسر جناب رنجے کمار سنہا، سینئر ڈپٹی کلکٹر و سینئر افسر محترمہ سنیتا کماری، بلاک ترقیاتی افسر، انچل افسر اور بلاک شماریاتی افسر نے پلس ٹو ہائی اسکول، ٹھاکرگنج میں جاری تربیت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر افسران نے تربیت حاصل کر رہے شمار کنندگان اور نگرانوں سے اپیل کی کہ وہ مکمل توجہ اور حساسیت کے ساتھ تربیت حاصل کریں۔ 13 اپریل 2026 سے شروع ہونے والی اس تربیت میں کل 501 شمار کنندگان اور 83 نگرانوں نے حصہ لیا ہے۔ بلاک چارج مردم شماری افسر و بلاک ترقیاتی افسر نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ، کشن گنج کی ہدایات کے مطابق تمام ضروری تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ 2 مئی 2026 سے شمار کنندگان اور نگرانوں کے ذریعے مکانات کی فہرست سازی کا کام شروع کیا جائے گا، جبکہ 17 اپریل 2026 سے 1 مئی 2026 تک خود شماری (سیلف اینومیریشن) کا عمل انجام دیا جا رہا ہے۔ بلاک ترقیاتی افسر نے تمام عام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خود شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس اہم قومی فریضے کو کامیاب بنائیں۔

