مرکزی حکومت نے 30جون تک اہم پیٹرو کیمیکل مصنوعات کو کسٹم ڈیوٹی سے چھوٹ دی

تاثیر 2 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 2 اپریل ::۔مغربی ایشیا میں جاری تنازعہ اور عالمی سپلائی چین میں رکاوٹوں کے درمیان ایک اہم فیصلے میں مرکزی حکومت نے اہم پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی درآمدات کو مکمل کسٹم ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔ یہ چھوٹ، جو 30 جون تک نافذ رہے گی، کا مقصد گھریلو صنعتوں کو سستی خام مال فراہم کرنا اور حتمی مصنوعات کی قیمتوں کو مستحکم کرنا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق مرکزی حکومت نے یہ چھوٹ سپلائی کے استحکام کو یقینی بنانے اور حتمی مصنوعات کے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جاری کی ہے۔ اس سے پلاسٹک ،پیکیجنگ ،ٹیکسٹائل،فارما سیوٹیکل،کیمیکل آٹو موٹیو اور دیگر مینو فیکچرنگ شعبوں جیسے پیٹرو کیمیل فیڈ اسٹاک اور انٹرمیڈیٹس پر انحصار کرنے والی صنعتوں کو فائدہ پہنچے گا ۔

حکومت نے یہ قدم ایک عارضی اور ہدفی امدادی اقدام کے طور پر اٹھایا ہے تاکہ گھریلو صنعت کو ضروری پیٹرو کیمیکل سپلائیز کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈاون اسٹریم شعبوں پر لگات کا دباو¿ کم ہو اور ملک میں سپلائی چین کے استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس سے حتمی مصنوعات کے صارفین کو بھی ریلیف ملے گا۔

مغربی ایشیا کے بحران کی وجہ سے جہاز رانی کے راستوں میں رکاوٹ نے کھاد، خام تیل اور قدرتی گیس کی درآمد کے حوالے سے حکومت کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ ہندوستان کھاد اور پٹرولیم کا ایک بڑا درآمد کنندہ ہے۔ 28 فروری کو ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے فوجی حملوں اور تہران کی جانب سے زبردست جوابی کارروائی کے بعد عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔