فرانس میں 500 دن تک ٹرک میں قید بچہ چلنے کی صلاحیت سے محروم

تاثیر 13 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پیرس،13اپریل:ایک 9 سالہ بچہ تقریباً 18 ماہ (یعنی 500 دن) تک اپنے والد کی وین میں قید رہنے کے بعد چلنے کی صلاحیت سے محروم ہو گیا۔برطانوی اخبار ’میٹرو‘ کی رپورٹ کے مطابق بچے کو مشرقی فرانس میں اس وقت زندہ حالت میں بچا لیا گیا، جب وہ اپنے والد کی وین سے برآمد ہوا۔اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔بچے کی حالت انتہائی تشویشناک تھی اور وہ جنینی حالت میں برہنہ ایک کمبل میں لپٹا ہوا، کوڑے کے ڈھیر اور فضلے کے قریب لیٹا ہوا پایا گیا۔
فرانسیسی پراسیکیوٹر نکولس ہائٹز کے مطابق بچے کو طویل عرصے تک وین میں باندھ کر ایک ہی حالت میں رکھا گیا، جس کی وجہ سے وہ چلنے کی صلاحیت کھو بیٹھا۔یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک پڑوسی نے پیر کے روز پولیس کو اطلاع دی کہ جرمنی اور سوئٹزرلینڈ کی سرحد کے قریب واقع ایک گاؤں ہاگنباخ میں ایک وین سے بچے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔بچے کے والد جنہیں حراست میں لے لیا گیا ہے، نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو نومبر 2024 سے وین میں اس لیے رکھا تھا کیونکہ ان کی ساتھی اسے ذہنی امراض کے اسپتال بھیجنا چاہتی تھی۔