تاثیر 28 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 28 اپریل : دہلی میں گرمی اور لو‘کی بڑھتی ہوئی شدت کے پیش نظر، لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو نے منگل کو پالیکا کیندر میں واقع انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (آئی سی سی سی) کا اعلیٰ سطحی دورہ کیا۔ دورے کا بنیادی مقصد موسم گرما کے ایکشن پلان اورلو‘ سے نمٹنے کے لیے موجودہ اقدامات کا بغور جائزہ لینا تھا۔
اس دوران ، لیفٹیننٹ گورنر سندھو نے ایکس پر کہا، ”جیسے جیسے ہم ایک ’وکست بھارت‘ کی طرف بڑھ رہے ہیں، دہلی کا کردار مرکزی بنا ہواہے اور دہلی اس وژن کی علامت ہے۔ ہماری بنیادی ترجیح زمینی سطح پر مضبوط عمل درآمد ہونا چاہیے تاکہ کمزور طبقوں اور فرنٹ لائن ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ہم مضبوط اور شہریوں پر مرکوز شہری حکمرانی کی حمایت اور اسے مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔“
انہوں نے بتایا کہ دارالحکومت کے ڈیجیٹل نروسینٹر کے طور پر، آئی سی سی سی خدمات کو مربوط کرنے کے لیے آئی او ٹی پر مبنی نظام استعمال کرتا ہے، جس میں پانی کے انتظام سے لے کر ماحولیاتی نگرانی تک شامل ہیں۔ حکمرانی کے اس ٹیکنالوجی سے چلنے والے ماڈل میں ملک بھر کے شہری بلدیاتی اداروں میں نقل کیے جانے کی صلاحیت ہے، جس سے شہری خدمات کی فراہمی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

