تاثیر 1 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
اعظم گڑھ،یکم اپریل(نامہ نگار) اعظم گڑھ کے موضع کھٹہنہ کے الفاروق پبلک اسکول میں منعقدہ “عقاب تعلیمی کانفرنس2.0” ایک تاریخی، باوقار اور نہایت کامیاب علمی اجتماع کے طور پر اختتام پذیر ہوا۔ نظامت کے فرائض سمیع اللہ علیگ نے نہایت عمدگی سے انجام دیے۔خصوصی خطابات میں مولانا انور داؤدی صاحب، پروفیسر نسیم اختر صاحب، ڈاکٹر سادات سہیل اور پروفیسر شارق نعمانی صاحب نے تعلیم کے موضوع پر فکر انگیز گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “تعلیم انسان کو شعور، کردار اور مقصدِ حیات عطا کرتی ہے، اور یہی ایک مہذب معاشرے کی بنیاد ہے۔مولانا عمر اسلم اصلاحی صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ “علم وہ روشنی ہے جو فرد کو اندھیروں سے نکال کر کامیابی کی راہوں پر گامزن کرتی ہے، اس لیے نئی نسل کو دینی و عصری تعلیم کے امتزاج پر خاص توجہ دینی ہوگی۔”انجینئر طارق اعظم صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ “آج کے دور میں تعلیم ہی اصل سرمایہ ہے، جو نوجوانوں کو خود کفیل بناتی ہے اور قوم کو ترقی کی راہ پر لے جاتی ہے، لہٰذا ہمیں تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنانا چاہیے۔جبکہ مولانا طاہر مدنی صاحب نے اپنے پُراثر کلمات میں فرمایا کہ “اگر ہم اپنی آنے والی نسلوں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں انہیں علم، اخلاق اور کردار کی دولت سے مالا مال کرنا ہوگا، یہی کامیابی کا حقیقی راستہ ہے۔ الفلاح بلڈ ڈونیشن گروپ کے بانی ذاکر حسین نے خون کے عطیہ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس انسانی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
اسی موقع پر علاقے میں نمایاں سماجی خدمات انجام دینے والے افراد کو اعزازات سے نوازا گیا۔ اسکول ٹاپر نائف عادل کو ڈاکٹر شمیم احمد خان اسکالرشپ سے نوازا گیا، جبکہ 100 فیصد حاضری اور بہترین تعلیمی کارکردگی پر حبیبہ عظمت کو سائیکل پیش کی گئی۔اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر محمد ذیشان نے اسکول کی جامع رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ادارہ KG کے بچوں کی خصوصی تربیت کے ساتھ ساتھ ضلعی اور قومی سطح کے مختلف مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے، جو ایک روشن تعلیمی مستقبل کی نوید ہے۔

