تاثیر 12 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 11 اپریل: ممتا بنرجی نے ہفتہ کو مغربی مدنا پور کے کیشیاڑی سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کی موجودگی میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ممکن نہیں ہیں۔
ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ممتا نے کہا، ’’ہم منصفانہ انتخابات چاہتے ہیں، لیکن یہ بی جے پی کے روہے ہوئے ممکن نہیں ہے۔ ایس آئی آر ایک بڑا گھوٹالہ ہے۔ دہلی سے بنگال کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، لیکن ہمارا ہدف بھی دہلی ہے۔‘‘
یکساں سول کوڈ پر سخت موقف
ممتا بنرجی نے یونیفارم سول کوڈ پر بھی بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا، ’’ایک ملک، ایک قانون کے نام پر تنوع کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہم اس کی بھرپور مخالفت کریں گے۔ جو بھی جبراً قانون لائے جائیںگے، اقتدار میں آنے پر انہیں منسوخ کر دیا جائے گا۔ ‘‘
وزیر اعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ ان کے خلاف سازش رچی گئی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’میری نامزدگی منسوخ کرانے کے لیے میرے خلاف جھوٹے حلف نامے داخل کیے گئے، یہ جمہوریت کے خلاف ہے۔‘‘

