تاثیر 13 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن ،13اپریل:امریکی فوج نے کہا ہے کہ مشرقی بحرالکاہل میں منشیات کے مشتبہ اسمگلروں کی دو کشتیوں پر امریکی حملوں کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔امریکی جنوبی کمان (ساؤتھ کام) نے اتوار کے روز “ایکس” پلیٹ فارم پر بتایا کہ دو “مہلک کارروائیوں” میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث پانچ “دہشت گرد” مارے گئے ہیں۔ امریکہ کا دعویٰ ہے کہ یہ کشتیاں مشرقی بحرالکاہل میں منشیات کی اسمگلنگ کے لیے معروف راستوں سے گزر رہی تھیں اور اسمگلنگ کی کارروائیوں میں مصروف تھیں۔
جنوبی کمان نے مزید بتایا کہ ہفتے کے روز ہونے والے ان حملوں میں ایک شخص بچ گیا ہے۔حالیہ مہینوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بحیرہ کیریبین اور مشرقی بحرالکاہل میں کشتیوں پر حملوں کے بار بار احکامات دیے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی پانیوں میں یہ مہلک حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ان حملوں میں 130 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

