تاثیر 4 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 4 اپریل : عام آدمی پارٹی کے اندر اندر کی لڑائی ختم ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آتے۔ پارٹی لیڈروں کے ذریعہ ان پر لگائے گئے الزامات کو صاف طور پر مسترد کرتے ہوئے راجیہ سبھا کے رکن راگھو چڈھا نے کہا کہ وہ ہنگامہ کرنے کے لئے نہیں بلکہ عوامی مسائل کو مؤثر طریقے سے اٹھانے کے لئے پارلیمنٹ گئے تھے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے، راگھو چڈھا نے زور دے کر کہا، “میرے خلاف ایک مہم چلائی جا رہی ہے۔ زبان ایک جیسی ہے، الزامات ایک جیسے ہیں۔ میرے خلاف ایک منظم مہم چلائی جا رہی ہے۔” عام آدمی پارٹی نے ان پر تین مخصوص الزامات لگائے ہیں۔ پہلا الزام یہ ہے کہ جب بھی اپوزیشن پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کرتی ہے تو راگھو چڈھا بیٹھے رہتے ہیں۔ اس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے قرار دیا کہ یہ سراسر جھوٹ ہے۔ “میں کسی کو بھی چیلنج کرتا ہوں کہ وہ ایک بھی مثال پیش کرے جہاں اپوزیشن نے واک آؤٹ کیا ہو اور میں ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کھڑا نہ ہوں۔”
انہوں نے بتایا کہ دوسرا الزام یہ تھا کہ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف مواخذے کی تحریک پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔ “یہ بھی ایک صریح جھوٹ ہے۔ کسی لیڈر نے نہ تو رسمی طور پر اور نہ ہی غیر رسمی طور پر کبھی مجھے اس تحریک پر دستخط کرنے کو کہا۔ درحقیقت پارٹی کے 10 راجیہ سبھا ممبران میں سے 6 یا 7 نے خود اس تحریک پر دستخط نہیں کیے، تو پھر صرف مجھ پر ہی الزام کیوں لگایا جا رہا ہے؟ کل 50 دستخطوں کی ضرورت تھی جو آسانی سے جمع کرائی گئی تھی۔ “

