تاثیر 3 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 03 اپریل :انڈین ڈینٹل ایسوسی ایشن (آئی ڈی اے) جموں کی جانب سے باہو فورٹ کے نزدیک کالیکا کالونی میں قائم شہری بے گھر افراد کے شیلٹر ہوم میں ڈینٹل چیک اپ اور آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔یہ کیمپ جگرتی مہلا ادیوگ کیندر کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد رہائشیوں کو منہ اور دانتوں کی صفائی سے متعلق آگاہی فراہم کرنا اور بنیادی طبی سہولیات مہیا کرنا تھا۔
اس موقع پر ڈینٹل ماہرین ڈاکٹر اومنگ جموال (صدر، آئی ڈی اے) اور ڈاکٹر کنال وتھو نے 25 افراد کا معائنہ کیا اور انہیں ضروری طبی مشورے فراہم کیے۔ مستحق افراد میں مفت ٹوتھ پیسٹ اور ادویات بھی تقسیم کی گئیں۔
کیمپ کو مثبت ردعمل حاصل ہوا اور اس کے ذریعے خاص طور پر پسماندہ طبقے میں دانتوں کی صحت اور باقاعدہ معائنہ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

