جموں و کشمیر اسمبلی کا بجٹ اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی

تاثیر 4 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں، 04 اپریل : جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس ہفتہ کے روز غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا، جس کے ساتھ ہی دو مرحلوں پر مشتمل یہ اجلاس اختتام پذیر ہو گیا۔ یہ اجلاس 2 فروری کو جموں میں شروع ہوا تھا اور 20 فروری تک جاری رہا، جس کے بعد رمضان اور عید کے پیش نظر ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی تھی۔ اجلاس کا دوسرا مرحلہ 27 مارچ کو دوبارہ شروع ہوا، جس میں بجٹ کی منظوری اور قانون سازی کا عمل مکمل کیا گیا اور 4 اپریل کو اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔

اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے بتایا کہ اجلاس کے دوران کل 22 نشستیں منعقد ہوئیں اور ایوان نے مجموعی طور پر 11 گھنٹے اور 36 منٹ تک کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے آٹھ بل متعارف کرائے گئے اور تمام کے تمام منظور کر لیے گئے۔ اس کے علاوہ ایوان میں 25 دستاویزات بھی پیش کی گئیں۔ نجی اراکین کے کاروبار کے حوالے سے 39 بل موصول ہوئے، جن میں سے 36 منظور کیے گئے، تین مسترد ہوئے جبکہ دو بل پیش کیے گئے۔

سوالات کے بارے میں اسپیکر نے بتایا کہ کل 1,379 سوالات درج کیے گئے، جن میں سے 144 مسترد، دو واپس لیے گئے اور تین فہرست میں شامل نہیں کیے گئے، جبکہ 110 توجہ طلب نوٹس بھی موصول ہوئے۔ قراردادوں کے حوالے سے 138 موصول ہوئیں، جن میں سے 27 مسترد، 14 فہرست میں شامل اور چار پر غور کیا گیا، جن میں سے دو پر باقاعدہ بحث ہوئی۔ اسی طرح 2,231 کٹ موشنز موصول ہوئیں، جن میں سے 2,059 کو منظور کیا گیا۔