تاثیر 16 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 16 اپریل: جموں و کشمیر میں پہلی بار نجی یونیورسٹیوں کے قیام کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے آخری دن 4 اپریل کو منظور کیے گئے ’جموں و کشمیر یونیورسٹیز بل 2026‘ کو منظوری دے دی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر جن وشواس سیکنڈ (ترمیمی دفعات) بل 2026‘ کو بھی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد اب حکومت نجی یونیورسٹیوں کے قیام کے لیے قواعد و ضوابط مرتب کرے گی۔
یہ بل وزیر تعلیم سکینہ ایتو کی جانب سے اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا جبکہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس اقدام کو سراہا۔ ایوان نے بل کو متفقہ طور پر منظور کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قواعد کی تیاری کے بعد نجی یونیورسٹیوں کے قیام کے لیے درخواستوں کی منظوری کا عمل شروع کیا جائے گا۔ کچھ ادارے پہلے ہی حکومت سے رجوع کر چکے ہیں تاہم انہیں قواعد کی تکمیل تک انتظار کرنے کو کہا گیا ہے۔
قانون کے مطابق نجی یونیورسٹی قائم کرنے کے خواہشمند ادارے کو تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ، ادارے کا مقصد اور وژن پیش کرنا ہوگا اور زیادہ سے زیادہ 25 لاکھ روپے تک ناقابل واپسی فیس جمع کرانی ہوگی۔

