تاثیر 7 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 07 اپریل: مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی صدارت میں منگل کو وزارت میں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں کئی بڑے فیصلے لیے گئے۔ اس میں بھوپال میں فائناشیل ٹریننگ اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (ایف ٹی آر آئی) کھولنے کے ساتھ ہی اجین ایئرپورٹ کے لیے 590 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔ اس کے علاوہ درج فہرست ذات (ایس سی) زمرے کے طلبہ کے لیے 10,000 روپے ماہانہ اسکالر شپ بھی منظور کی گئی ہے۔
ریاست کے ایم ایس ایم ای وزیر چیتنیہ کمار کشیپ نے میٹنگ میں لیے گئے فیصلوں کی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ وزرا کونسل نے ریاست میں مالیاتی انتظام کے حوالے سے فائناشیل ٹریننگ اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (ایف ٹی آر آئی) کھولنے کی منظوری دی ہے۔ یہ انسٹی ٹیوٹ ریاست میں مالیاتی انتظام پر تحقیق اور بجٹ کے تخمینے سمیت دیگر مالیاتی انتظامات کے لیے کام کرے گا۔ اس کا انتظام شروع میں انتظامیہ اکیڈمی بھوپال سے کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزرا کونسل نے اجین میں سنہستھ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایئرپورٹ تیار کرنے کے لیے 590 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔ یہ رقم ایئرپورٹ کے لیے زمین کے حصول پر خرچ کی جائے گی۔
مرکزی حکومت کی ’اڑان‘ اسکیم کے تحت یہ ایئرپورٹ بنے گا اور اس کا کام مرکزی حکومت مکمل کرائے گی۔ اس کی تعمیر سے سنہستھ کے دوران ایئربس طیاروں کی آمد و رفت ممکن ہو سکے گی، جس سے لوگوں کو سفر میں سہولت ہوگی۔

