تاثیر 13 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضاامام)۔محکمہ تعلیم ، حکومت بہار اور ایل این متھلا یونیورسٹی ، دربھنگہ کی جانب سے جاری کردہ ضابطے کے مطابق گریجویٹ طلبا اور طالبات کے لئے پانچویں سمسٹر میں 120گھنٹے کا انٹرن شپ لازم ہے۔کیوں کہ اس کے لئے طلبا کو چارکریڈٹ دئیے جائیں گے اور اس کی بنیاد پر ہی ان کے نتائج جاری ہوں گے۔اس اہم مسئلے پر غوروخوض اورٹھوس لائحہ عمل طے کرنے کی غرض سے کالج کے تمام صدورِ شعبہ کی ایک اہم میٹنگ پروفیسر مشتاق احمد،پرنسپل کی صدارت میں منعقد ہوئی۔اس میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ پانچویں سمسٹر کے تمام طلبا وطالبات کو انٹرن شپ کرانے کے لئے مختلف اداروں سے رابطہ کرنے اور طلبا کی دلچسپی کی بنیاد پر انہیں انٹرن شپ کرنے کی آزادی دی جائے ۔یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ انٹر ن شپ کے لئے پیشہ وارانہ تعلیمی ادارے اور تکنیکی تعلیمی اداروں کو اولیت دی جائے گی۔پروفیسر احمدنے کہا کہ تمام صدر شعبہ طلبا سے رابطہ کر ان کی خواہش کے مطابق انٹرن شپ کرانے کی تیاری کی جائے تاکہ متعینہ وقت میں ہمارے کالج کے صد فیصد طلبا انٹرن شپ کر سکیں۔ پہلے مرحلہ میں سیشن2023تا 2027کے طلبا وطالبات کے انٹرن شپ کا اہتمام کیا جا رہاہے۔آج کی میٹنگ میں پروفیسر مینک سریواستو،ڈاکٹر انوپم کمار سنگھ، ڈاکٹر آدتیہ کمار سنگھ، ڈاکٹروجئے سین پانڈے، ڈاکٹر سدھانشو کمار، ڈاکٹر سنجیت کمار جھا، ڈاکٹر محمدخالدا نجم عثمانی، ڈاکٹرآلوک کمار رائے، ڈاکٹر للت شرما، ڈاکٹر محمد ابصار عالم، ڈاکٹراکھیلیش کمارویبھو،ڈاکٹرسبرتوکمار داس اور ڈاکٹر املندو شیکھر پاٹھک شامل ہوئے اور انٹرن شپ کے متعلق اپنے مفیدمشورے دئیے۔بہت جلد تمام صدر شعبہ اپنے طلبا کا گروپ تیار کر انہیں انٹرن شپ کرانے کا اہتمام کریں گے کیوں کہ پانچویں سمسٹر میں انٹرن شپ کی لازمیت ہے ۔واضح ہو کہ یہ انٹر ن شپ 100نمبر کے ہیں اور یہ نمبران کے رزلٹ میں شامل ہوں گے۔

