تاثیر 7 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 07/ اپریل (تاثیر بیورو) شہر کی اہم آبی گزرگاہ آدی گنگا کی صفائی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ ویل ووڈ کیمیکل نے کلئیر روبوٹک انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ اور کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس خودکار روبوٹک کشتیوں کے ذریعے 18.5 ٹن تیرتا ہوا کچرا آدی گنگا سے ہٹا دیا ہے۔
اس مہم کے تحت جمع کیے گئے کچرے کا تقریباً 30 فیصد ری سائیکل کر کے دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جا رہا ہے، جو ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ سرکولر اکانومی کے فروغ کی مثال ہے۔ اس منصوبے میں مکمل طور پر برقی اور خودکار “کلیئربوٹ کلاس-2” کشتی استعمال کی گئی، جو تنگ اور کم گہرے آبی راستوں میں مؤثر طریقے سے کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اس صفائی مہم کے نتیجے میں نہ صرف پلاسٹک اور دیگر مضر فضلہ کو ہٹایا گیا بلکہ آبی پودوں (واٹر ہائسنتهھ) کی صفائی سے پانی میں آکسیجن کی سطح بہتر ہوئی اور پانی کے بہاؤ میں بھی بہتری آئی، جس سے ماحولیاتی نظام کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ یہ اقدام صرف صفائی تک محدود نہیں بلکہ آبی وسائل کے تحفظ، زرعی پیداوار میں بہتری اور عوامی صحت کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ کامیاب پائلٹ پروجیکٹ کے بعد شہر کی دیگر نہروں کی صفائی کے لیے بھی اس ٹیکنالوجی کو وسعت دینے کا منصوبہ ہے۔

