ایران کے ساتھ مذاکرات کا نیا دور آئندہ چند دنوں میں متوقع : امریکی میڈیاکا دعویٰ

تاثیر 13 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،13اپریل:مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے واقف حکام نے کہا ہے کہ خطے کے ممالک امریکا اور ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے تیزی سے کوششیں کر رہے ہیں، یہ کوششیں اسلام آباد میں ہونے والے طویل امن مذاکرات کے بغیر کسی معاہدے کے ختم ہونے کے بعد کی جا رہی ہیں۔وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ان حکام کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کی سخت بیانات کے باوجود مذاکرات کا دروازہ اب بھی کھلا ہے اور ممکن ہے کہ آئندہ چند دنوں میں بات چیت کا دوسرا دور منعقد ہو۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خطے کے ممالک امریکا کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں تاکہ اس کمزور جنگ بندی کو برقرار رکھا جا سکے، جو منگل کی شام اعلان کی گئی تھی اور دو ہفتوں پر مشتمل ہے۔مزید کہا گیا کہ اسلام آباد مذاکرات امریکا اور ایران کے درمیان 1979 کے بعد سب سے اعلیٰ سطح کے مذاکرات تھے، جن میں آبنائے ہرمز کو بغیر فیس کھولنے، انتہائی افزودہ یورینیم کے مستقبل اور ایران کی جانب سے منجمد تقریباً 27 ارب ڈالر فنڈز کے ریلیز جیسے امور پر بات چیت ہوئی۔