ضلع پونچھ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے نو رہائشی مکان متاثر

تاثیر 11 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں، 10 اپریل: ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقے چکھڑی میں مسلسل شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 رہائشی مکانات متاثر ہو کر غیر محفوظ قرار دیے گئے ہیں، جبکہ ایک پرائمری اسکول کی عمارت بھی خطرے کی زد میں آ گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جمعرات کے روز ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی ہدایات پر ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا۔
ٹیم کی قیادت اے سی آر پونچھ محمد سعید اور ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹر نیرج شرما کر رہے تھے۔ اس موقع پر تحصیلدار منڈی اشفاق احمد، ایس ایچ او لورن یونس خان، ایس ایچ او منڈی نیکو رام اور محکمہ مال کے دیگر اہلکار بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے دوران ٹیم نے زمینی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔ حکام نے موقع پر ہی 9 مکانات اور ایک پرائمری اسکول کو غیر محفوظ قرار دے دیا۔