مغربی بنگال کے آسنسول میں وزیر اعظم مودی کی عوامی ریلی کے لئے تیاریاں تیز

تاثیر 7 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

آسنسول، 7 اپریل: مغربی بنگال کے انتخابی میدان کے درمیان، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 9 اپریل کو آسنسول کے پولو گراؤنڈ اسٹیڈیم میں ایک بڑی انتخابی ریلی کا انعقاد کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اس عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم کی اس ریلی کو لے کر بی جے پی کارکنوں اور حامیوں میں کافی جوش و خروش دکھائی دے رہا ہے۔
ریلی کی تیاریاں جنگی بنیادوں پر جاری ہیں۔ پولو گراؤنڈ میں واقع اسٹیڈیم کمپلیکس کو بڑے پیمانے پر سجایا جا رہا ہے تاکہ ہزاروں افراد کی شرکت کے لیے مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ سٹیج کی تعمیر، بیٹھنے، بیریکیڈنگ، پارکنگ اور میڈیا کوریج کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔مقامی بی جے پی قائدین کے مطابق اس ریلی کے ذریعہ پارٹی کا مقصد آسنسول علاقہ اور آس پاس کے اسمبلی حلقوں میں اپنے امیدواروں کے لئے حمایت کو مستحکم کرنا اور سازگار ماحول بنانا ہے۔ پارٹی کو امید ہے کہ وزیر اعظم مودی کی اس ریلی سے پارٹی کارکنوں کے حوصلے بلند ہوں گے اور رائے دہندوں پر اس کا مثبت اثر پڑے گا۔وزیراعظم کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پنڈال سے لے کر ہیلی پیڈ تک کے پورے علاقے کو ہائی سیکیورٹی زون میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔