نتیش کمار سے ملنے پہنچے آر جے ڈی ایم ایل اے فیصل رحمان

تاثیر 2 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ،02 اپریل:۔ڈھاکہ سے آر جے ڈی کے ایم ایل اے فیصل رحمان نے 16 مارچ کو ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات میں ووٹنگ سے پرہیزکئے تھے ۔ کانگریس کے تین ایم ایل اے اور ایک آر جے ڈی ایم ایل اے کی غیر موجودگی کی وجہ سے آر جے ڈی امیدوار کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ باغی آر جے ڈی ایم ایل اے فیصل رحمان کی جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے اچانک ملاقات نے قیاس آرائیوں کو ہوا دی ہے۔ آر جے ڈی نے ابھی تک باغی ایم ایل اے کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔

باغی آر جے ڈی ایم ایل اے فیصل رحمان نے خود وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ اپنی ملاقات کی معلومات سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے شیئر کی ہے۔ فیصل رحمان نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ڈھاکہ علاقہ کی مجموعی ترقی کے حوالے سے بشکریہ ملاقات کی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ “اس ملاقات کے دوران علاقے کی ہمہ جہت ترقی کے لیے سڑکوں، صحت، تعلیم، آبپاشی، اور انفراسٹرکچر سے متعلق مختلف اہم اسکیموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔” وزیر اعلیٰ نے تمام تجاویز پر مثبت یقین دہانی کرائی اور علاقے کی ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ مجھے یقین ہے کہ ان اسکیموں کے نفاذ سے ڈھاکہ کی ترقی میں تیزی آئے گی اور عوام کو وسیع فوائد حاصل ہوں گے۔

دو روز قبل کانگریس کے تین باغی ایم ایل اے میں سے ایک نے دیہی تعمیرات کے وزیر اشوک چودھری سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات کی وضاحت کرتے ہوئے کانگریس ایم ایل اے نے کہا کہ انہوں نے علاقے کے ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں وزیر سے ملاقات کی ہے۔ کانگریس نے یقینی طور پر کہا ہے کہ باغی ایم ایل اے کے خلاف کارروائی کی جائے گی، لیکن آر جے ڈی یا کانگریس نے ابھی تک کارروائی کے لیے اسمبلی اسپیکر کو تحریری درخواست نہیں دی ہے۔