فخر الدين علی احمد ٹیچرس ٹریننگ کالج کے طلبا نے کیا اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ، اور ٹی ایل ایم کی نمائش کا انعقاد

تاثیر 12 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضاامام): فخرالدین علی احمد ٹیچرس ٹریننگ کالج، جیوچھ گھاٹ، دربھنگہ میں ڈی۔ایل۔ایڈ فرسٹ ایئر (سیشن 2025-27) کے  طلبہ کے لیے ایک شاندار انڈکشن پروگرام اور ٹی۔ایل۔ایم (Teaching Learning Material)  اور تعلیمی اشاریہ ماڈل کی نمائش انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد طلبہ اساتذہ کو تدریس کی باریکیوں سے روشناس کرانا اور کھیل کے ذریعے سیکھنے کے جدید طریقوں کو فروغ دینا تھا۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ڈی، ایل، ایڈ سال دوم کی طالبہ بشریٰ جبیں اور ثنا فاطمہ نے کیا، جس کے بعد مہمانِ خصوصی پروفیسر (ڈاکٹر) ایڈم پال پٹیٹی،  مہمانان اعزازی  پروفیسر (ڈاکٹر) غضنفر علی خان،و پروفیسر (ڈاکٹر) محمد اکبر، کالج کے سکریٹری ڈاکٹر نجیب اختر، پرنسپل پروفیسر (ڈاکٹر) ایس۔ بی۔ رائے اور ایچ او ڈی (ڈی۔ایل۔ایڈ) ڈاکٹر پوجا کماری گپتا نے مشترکہ طور پر شمع فروزی کرکے پروگرام کا آغاز کیا.اس موقع پر نئے طلبہ اساتذہ کو دو سالہ کورس کے بارے میں ڈی۔ایل۔ایڈ کے استاد امتیاز انصاری نے تفصیل سے آگاہ کیا۔ مہمانِ خصوصی پروفیسر ایڈم پال پٹیٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ مسابقتی دور میں خود کو نمایاں بنانے کے لیے مہارت، ٹیکنالوجی اور علم سے لیس ہونا ضروری ہے۔ مہمانان اعزازی پروفیسر غضنفر علی خان نے کہا کہ اس ادارے میں صرف تعلیم نہیں دی جاتی بلکہ طلبہ کی ہمہ جہتی نشوونما پر بھی زور دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک استاد کے طور پر طلبہ میں تجسس پیدا کرنا نہایت ضروری ہے۔ پروفیسر محمد اکبر نے طلبہ کو کالج کی سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا کر کامیابی حاصل کرنے کی تلقین کی۔کالج کے سکریٹری ڈاکٹر نجیب اختر نے طلبہ کو باصلاحیت، بااخلاق اور باعمل استاد بننے کی ترغیب دی، جبکہ پرنسپل پروفیسر ایس۔ بی۔ رائے نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ استاد معاشرے کا معمار ہوتا ہے اور ڈی۔ایل۔ایڈ کورس اس بنیاد کو مضبوط کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔پروگرام کی خاص بات طلبہ کی جانب سے تیار کردہ ٹی۔ایل۔ایم نمائش رہی، جس میں بی۔ایڈ اور ڈی۔ایل۔ایڈ کے طلبہ نے ریاضی، سائنس، سماجی علوم اور ماحولیات جیسے مضامین کو آسان بنانے کے لیے مختلف دلکش ماڈلز اور چارٹس پیش کیے۔ مہمانوں نے نمائش کا جائزہ لیتے ہوئے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کی بھرپور تعریف کی اور کہا کہ اس طرح کے تدریسی وسائل دیہی علاقوں کے اسکولوں کے لیے نہایت مفید ثابت ہوں گے۔پروگرام کے اختتام پر بہترین ماڈلز تیار کرنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔ اسٹیج کی نظامت ڈی۔ایل۔ایڈ سیکنڈ ایئر کی طالبات سُروچی اور ثمامہ نے انجام دی، جبکہ کلمات تشکر  ڈاکٹر پوجا کماری گپتا ڈی ایل ایڈ  (ایچ او ڈی) نے ادا کیا۔ اس موقع پر کالج کے تمام اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ موجود تھے.