چیف سکریٹری نے پی ایم انٹرن شپ اسکیم کے نفاذ کا جائزہ لیا۔

تاثیر 16 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 16 اپریل : جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اڈل ڈلو نے جمعرات کو جموں و کشمیر میں پی ایم انٹرن شپ اسکیم کے نفاذ کا جائزہ لیتے ہوئے نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ مواقع میں نمایاں اضافہ کرنے کی ہدایت دی۔
ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم نوجوانوں کی ملازمت کے امکانات بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، کیونکہ اس کے تحت معروف کمپنیوں میں 6 سے 9 ماہ کی انٹرن شپ، ماہانہ 9 ہزار روپے وظیفہ اور 6 ہزار روپے کی یکمشت امداد فراہم کی جاتی ہے۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ وزارتِ کارپوریٹ امور کے حکام ویڈیو لنک کے ذریعے شامل ہوئے۔

جائزہ کے دوران بتایا گیا کہ جموں و کشمیر میں 4400 سے زائد نوجوان اس اسکیم کے لیے رجسٹر ہو چکے ہیں اور 2800 سے زیادہ پروفائل مکمل ہو چکے ہیں، تاہم اس وقت صرف 68 انٹرن شپ مواقع دستیاب ہیں۔چیف سکریٹری نے اس خلا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صنعتوں کے ساتھ رابطے بڑھانے اور زیادہ کمپنیوں کو اسکیم میں شامل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ رجسٹریشن مہم کو تیز کیا جائے اور کم از کم دو لاکھ نوجوانوں کو اسکیم کے تحت رجسٹر کیا جائے۔

انہوں نے تعلیمی اداروں، آئی ٹی آئیز، پولی ٹیکنکس، کالجوں اور روزگار مراکز کو اس مہم میں شامل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نچلی سطح تک آگاہی مہم چلائی جائے۔