تاثیر 3 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
اشوک نگر، 03 اپریل: شمال مشرقی خطہ کے مواصلات اور ترقی کے مرکزی وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا نے جمعہ کو مدھیہ پردیش کے اشوک نگر ضلع کے دورے کے دوران نگر پریشد پِپرئی میں منعقدہ عوامی سماعت پروگرام میں شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے ہر ممکن حل کے لیے ضلع انتظامیہ کو ہدایات دیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ علاقے کے شہریوں کے مسائل کا ہر ممکن حل فراہم کرنا اس عوامی سماعت پروگرام کا بنیادی مقصد ہے۔
سندھیا نے کہا کہ میرے پارلیمانی حلقے میں عوام کے مسائل کے فوری حل کے لیے عوامی سماعت کے پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ عوامی سماعت پروگرام میں شہریوں سے موصول ہونے والی درخواستوں کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔ پروگرام میں مرکزی وزیر سندھیا نے شہریوں کے وزیرِ اعظم آواس، بی پی ایل کارڈ، سماجی تحفظ پنشن، سنبل یوجنا کے تحت منظور شدہ رقم، نام منتقلی، بٹوارہ، حد بندی اور دیگر مسائل کو توجہ سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ان کے حل کے لیے ہدایات دیں۔ ساتھ ہی شہریوں کے مسائل حل ہونے پر منظوری نامے بھی موقع پر تقسیم کیے گئے۔
مرکزی وزیر مواصلات جیوتی رادتیہ سندھیا نے جمعہ کو نگر پریشد منگاولی میں منعقدہ پروگرام میں 245 لاکھ روپے کی لاگت کے 13 کاموں کا افتتاح اور 1179.24 لاکھ روپے کے 65 کاموں کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ زندگی کے پہلے مرحلے سے آخری مرحلے تک منگاولی کی ترقی کے لیے کوشاں رہوں گا۔ جب بھی منگاولی آتا ہوں تو خالی ہاتھ نہیں آتا۔ آج منگاولی علاقے کی ترقی کے لیے تقریباً 15 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا تحفہ لے کر آیا ہوں۔ منگاولی علاقے میں سڑک، ریل اور بنیادی ڈھانچے کے کام کرائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کی اسکیم منظور کرائی گئی ہے۔ دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کے لیے راج گھاٹ پروجیکٹ کے تحت 100 گاوں کے لیے رقم منظور کرائی گئی ہے، تاکہ شہری اور دیہی علاقوں میں پینے کا صاف پانی دستیاب ہو سکے۔ اس کے ساتھ ہی 6 کروڑ روپے کی رقم پینے کے اضافی پانی کے لیے منظور کرائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پورے اشوک نگر ضلع کے لیے پینے کے پانی کی اسکیم کی خاطر 922 کروڑ روپے کی رقم منظور کرائی گئی ہے۔ انہوں نے منگاولی کے بھجریا تالاب کے تحفظ کے لیے ’جل گنگا سنوردھن ابھیان‘ کے تحت منظوری دلانے کی بات بھی کہی۔

