تاثیر 25 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ضلع پریشد چیئرمین آفتاب عظیم نے اراکین کو یقین دلایا کہ اس سمت میں جلد بامقصد کوششیں کی جائیں گی۔
ارریہ: ( مشتاق احمد صدیقی ) اگر بروقت ضلع پریشد کی اراضی کو تجاوزات سے آزاد نہ کرایا گیا تو اراضی کا رقبہ آہستہ آہستہ سکڑتا چلا جائے گا۔ تجاوزات کنندگان کی نظریں ضلع پریشد کی اراضی پر ہیں اور وہ جگہ جگہ قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ مسائل گزشتہ کل ضلع کونسل کے دفتر میں منعقدہ جنرل سٹینڈنگ کمیٹی اور فنانس اینڈ آڈٹ پلاننگ کمیٹی کے اجلاس میں ضلع پریشد کے اراکین نے سنجیدگی سے اٹھائے۔ ممبران نے ضلع پریشد کے صدر آفتاب عظیم پپو کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں جہاں بھی ضلع پریشد کی خالی زمین موجود ہے وہاں پر تجاوزات کرنے والوں نے بتدریج ناجائز قبضہ کر لیا ہے اور یہی نہیں بلکہ وہ اس کا دائرہ کار بھی بڑھا رہے ہیں۔ ایسے میں اراکین نے چیئرمین سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور زمین کو آزاد کرانے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔ ضلع پریشد کے چیئرمین آفتاب عظیم نے اسے سنجیدگی سے لیا اور اراکین کو یقین دلایا کہ اس سمت میں جلد بامقصد کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضلع پریشد کے ذرائع آمدنی میں اضافہ کا ذریعہ ہے اور ضلع پریشد اسے ہر قیمت پر آزاد کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گی۔ پپو عظیم نے بتایا کہ ضلع پریشد کی زمین کی نشاندہی اور وہاں پر چہاردیواری اور ضلع پریشد کا بورڈ لگا کر محفوظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی تجاوزات کنندہ اپنے سے زمین کو خالی کردیں بصورت دیگر محکمہ ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کرے گا۔ اجلاس میں ضلع پریشد کے ذرائع آمدنی بڑھانے کے معاملے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس میٹنگ میں دیگر مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ضلع پریشد چیئرمین آفتاب عظیم نے کی جبکہ اجلاس میں ضلع پریشد کی نائب صدر چاندنی دیوی، ممبران میں پرویز انجم، شاہدان، اور شبیر عالم، افتخار عالم، سودھا بھارتی، منجولا دیوی کے علاوہ دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

