مدھیہ پردیش کے اجین میں کھلے بورویل کے گڑھے میں گرا دو سالہ بچہ، بچاو مہم جاری

تاثیر 11 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 10 اپریل: مدھیہ پردیش کے اجین ضلع ہیڈ کوارٹر سے تقریباً 75 کلومیٹر دور بڑ نگر علاقے کے قریب موضع جھالریا میں جمعرات کی رات بورویل کے کھلے گڑھے میں گرے دو سالہ معصوم بچے کو بچانے کے لیے راحت اور بچاو کا کام جاری ہے۔ ریسکیو ٹیم کو اس کی لوکیشن 75 فٹ کی گہرائی پر ملی ہے۔ پانچ پوکلین مشینوں کی مدد سے بورویل کے متوازی سرنگ بنائی جا رہی ہے۔ خبر لکھے جانے تک تقریباً 40 فٹ کھدائی ہو چکی ہے۔

معلومات کے مطابق، بھیڑیں چرانے کے لیے آئے راجستھان کے ضلع پالی کے ایک خاندان کا دو سالہ بچہ جمعرات کی رات تقریباً ساڑھے سات بجے بورویل کے کھلے گڑھے میں گر گیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی ضلع انتظامیہ اور پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور راحت و بچاو کا کام شروع کیا۔ بھوپال سے پہنچی این ڈی آر ایف کی ٹیم، ہردا، اندور اور اجین کی ایس ڈی آر ایف کے ساتھ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے۔ بورویل میں کیمرہ ڈال کر بچے کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ اسے آکسیجن سپورٹ بھی دیا جا رہا ہے۔ موقع پر دو ایمبولینس بھی تعینات ہیں۔

بڑ نگر تھانہ انچارج اشوک کمار پاٹیدار نے بتایا کہ بورویل میں گرنے والا دو سالہ معصوم بھاگیرتھ ولد پروین دیواسی گرام گڈانلا، ضلع پالی (راجستھان) کا رہنے والا ہے۔ خاندان گزشتہ تین دنوں سے علاقے میں بھیڑ چرانے کے لیے رکا ہوا تھا۔ اہل خانہ کے مطابق، بچہ دیوار کے پاس کھیل رہا تھا۔ اس نے پتھر سے بورویل کا ڈھکن ہٹایا اور بالٹی سمجھ کر پیر ڈال دیا، جس سے وہ سیدھا اندر گر گیا۔ بچے کی ماں نے اسے گرتے دیکھا اور بچانے کی کوشش کی، لیکن تب تک وہ گہرائی میں جا چکا تھا۔