وکرم شیلا پل کے ٹوٹنے کے بعد حکومت بہار نے جاری کیا متبادل راستہ اور مرمتی منصوبہ

تاثیر 4 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 4 مئی:بھاگلپور کو شمالی بہار سے جوڑنے والے اہم وکرم شیلا پل اتوار کی دیر رات ٹوٹ گیا۔ اس واقعے کے بعد بہار اسٹیٹ برج کنسٹرکشن کارپوریشن نے جنوبی بہار کو شمالی بہار سے ملانے کے لیے مونگیر میں سری کرشنا سنگھ پل اور کھگڑیا میں گنگا پل کو متبادل راستوں کے طور پر استعمال کرنے کی سفارش کی ہے۔
بہار اسٹیٹ برج کنسٹرکشن کارپوریشن کے چیئرمین ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ نے پیر کے روز انفارمیشن بلڈنگ کے آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وکرم شیلا پل کا ایک سلیپ گر گیا ہے، اور مرمت میں تقریباً تین ماہ لگیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سال دسمبر تک وکرم شیلا پل کے متوازی تعمیر کیے جانے والے نئے پل پر گاڑیوں کی ا?مدورفت دوبارہ شروع ہونے کی امید ہے۔
انہوں نے بھاگلپور ضلع انتظامیہ کی فوری کارروائی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی ہوتی تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ برج کنسٹرکشن کارپوریشن کے ایگزیکٹو انجینئر کو فوری کارروائی کے نتیجے میں معطل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ پل پر ٹریفک کا شدید دباؤ تھا اور پٹنہ کی ایک حالیہ معائنہ ٹیم نے کئی تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کی تھی۔ مرمت کے کام میں آئی آئی ٹی پٹنہ بھی شامل ہوگا۔