تاثیر 7 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 07 مئی: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو یہاں لوک بھون میں منعقدہ ایک پروگرام میں پیشہ ورانہ تعلیم کے محکمے اور معذوروں کو بااختیار بنانے کے محکمے کے 481 نئے منتخب اہلکاروں کو تقرری نامے تقسیم کئے ۔ یوپی پبلک سروس کمیشن اور یوپی ماتحت خدمات سلیکشن کمیشن کے ذریعہ آیوش محکمہ کے لیے منتخب کیے گئے 202 پروفیسرز/ریڈرز/میڈیکل آفیسرز/اسٹاف نرسوں کو اور یوپی ماتحت خدمات سلیکشن کمیشن کے ذریعہ ووکیشنل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے لیے منتخب کیے گئے 272 انسٹرکٹرز کو تقرری کے خطوط دیے گئے۔ اس کے ساتھ ہی معذوروں کو بااختیار بنانے کے محکمے کے لیے منتخب 07 نرسوں/ ہاسٹل وارڈنز/ کمپاؤنڈرز کو تقرری کے خطوط دیے گئے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے منتخب امیدواروں اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا، ’’آپ نے دیکھا ہو گا کہ بھرتی کے پورے عمل کے دوران کسی سفارش کی ضرورت نہیں پڑی ہوگی۔ آیوش میں ویریفکیشن کے لئے کچھ وقت ضرور لگا۔ کسی بھی سطح پر بے ضابطگی کی کوئی گنجائش نہیں تھی۔ اگر پالیسی اور نیت صاف ہو تو نتائج بہتر ہوتے ہیں۔آج، اسی نتیجے کے تحت یہ تقرری نامے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔‘‘

