معذور نوجوان کو زندہ جلا کر قتل کرنے کا الزام، باپ اور بھائی فرار

تاثیر 4 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مظفر پور (نزہت جہاں)جیت پور تھانہ علاقہ کے کھئیرا گاؤں میں ایک انتہائی دردناک اور سنسنی خیز واقعہ پیش آیا ہے، جہاں 45 سالہ معذور نوجوان راجیش رائے کی جلنے سے موت ہو گئی۔ معاملہ اس وقت اور سنگین ہو گیا جب متوفی کی ماں تیتری دیوی نے اپنے ہی شوہر، چھوٹے بیٹے اور بہو پر قتل کا الزام عائد کیا۔
متوفی کی ماں کے مطابق جائیداد ہڑپنے کی نیت سے تینوں نے مل کر راجیش کو ہاتھ پیر باندھ کر زندہ جلا دیا۔ واقعہ کے بعد سے ملزمان باپ اور بیٹا فرار بتائے جا رہے ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب راجیش اپنی جھونپڑی میں سو رہے تھے۔ اچانک لگی آگ نے چند لمحوں میں پوری جھونپڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جب تک گاؤں والے آگ بجھانے پہنچے، تب تک راجیش بری طرح جھلس چکے تھے اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ اطلاع ملتے ہی جیت پور تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ موقع پر موجود متوفی کی ماں، بہنوئی اور دیگر گاؤں والوں نے بھی اسے قتل قرار دیتے ہوئے خاندان کے دیگر افراد پر سنگین الزامات لگائے۔ بتایا جاتا ہے کہ راجیش رائے ایک پیر سے معذور تھے اور غیر شادی شدہ تھے۔ وہ اپنی بوڑھی ماں کے ساتھ رہتے تھے اور ایک چھوٹی دکان چلا کر دونوں کا گزارہ کرتے تھے۔ خاندان میں جائیداد کو لے کر کافی عرصے سے تنازع چل رہا تھا۔ حالات اتنے خراب ہو گئے تھے کہ واقعہ سے دو دن پہلے بھی پولیس گاؤں پہنچ کر صلح کروانے کی کوشش کر چکی تھی۔ اس دل دہلا دینے والے واقعہ کے بعد گاؤں میں سوگ اور غم و غصہ کا ماحول ہے۔ ماں تیتری دیوی کا رو رو کر برا حال ہے۔ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ اس واردات نے نہ صرف ایک بیٹے کی جان لی بلکہ ایک ماں سے اس کا سہارا بھی چھین لیا۔ جیت پور تھانہ انچارج رنجنی کانت پٹیل نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی تھی۔ معاملے کے تمام پہلوؤں، خاص طور پر قتل کے الزامات کی سنجیدگی سے جانچ کی جا رہی ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی کوشش جاری ہے۔