تاثیر 15 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مظفرپور، (نزہت جہاں)اردو ڈائریکٹوریٹ، محکمہ کابینہ سیکریٹریٹ حکومتِ بہار کے منصوبے کے تحت اردو زبان سیل مظفرپور کی جانب سے ضلع پریشد میٹنگ ہال میں ایک شاندار، یادگار اور ادبی رنگ سے بھرپور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر کے دسویں، انٹر اور گریجویشن کے طلبہ و طالبات نے غیر معمولی جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ پروگرام کے دوران اردو زبان، ادب اور صحافت سے متعلق موضوعات پر ایسی زبردست تقاریر پیش کی گئیں کہ سامعین دیر تک تالیاں بجاتے رہے۔
تقریری مسابقے میں “کتابیں ہماری دوست ہیں کیسے؟”، “آزادی میں اردو صحافت کا اہم کردار” اور “اردو زبان اور گلوبلائزیشن” جیسے اہم اور فکر انگیز موضوعات شامل تھے۔ طلبہ و طالبات نے نہایت پُرجوش انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یہ ثابت کر دیا کہ نئی نسل میں اردو زبان کیلئے محبت اور جذبہ آج بھی زندہ ہے۔
اسی موقع پر ادبی رسالہ “ضلع اردو نامہ مظفرپور” کی باضابطہ رسمِ اجرا بھی انجام دی گئی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ تقریب کا آغاز شمع افروزی سے ہوا، جس میں ضلع اقلیتی سیل کے افسر راجیو کمار، ضلع بندوبست افسر فیروز اختر، اردو زبان سیل کی انچارج عشرت جہاں، ناظمِ اجلاس وصی احمد الحریری اور قومی اساتذہ تنظیم کے ریاستی کنوینر محمد رفیع سمیت کئی معزز شخصیات شریک رہیں۔
اپنے خطاب میں عشرت جہاں اور وصی احمد الحریری نے کہا کہ ایسے مسابقے طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “آج کے یہی طلبہ کل کے بڑے افسران، دانشور اور سماجی رہنما بنیں گے، اس لئے انہیں علمی و ادبی سرگرمیوں سے مسلسل جڑے رہنا چاہیے۔”
تقریب میں “ضلع اردو نامہ مظفرپور” کو ایک معیاری، معلوماتی اور مفید رسالہ قرار دیتے ہوئے اس کی بھرپور ستائش کی گئی۔ صحافی نزہت جہاں نے ٹریژری افسر و ڈی ڈی او وصی الرحمن انصاری، عشرت جہاں اور مدیر وصی احمد الحریری کی کوششوں کو قابلِ تحسین بتایا۔ محمد رفیع نے کہا کہ رسالے میں اردو ادب، تاریخ، تہذیب، سماجی مسائل اور مظفرپور کی خصوصیات کو بہترین انداز میں پیش کیا گیا ہے، جو قارئین کیلئے نہایت مفید ثابت ہوگا۔
منتخب ججز ڈاکٹر زینت، محمد سہراب، محمد نصیر الدین، ڈاکٹر کوثر علی اور ڈاکٹر مستفیظ احد نے مسابقے کے کامیاب شرکاء کا انتخاب کیا۔ بعد ازاں اول، دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو حکومتِ بہار کی جانب سے انعامی رقم، میڈل اور اسناد سے نوازا گیا۔
پروگرام میں پروفیسر وسیم رضا، امیر حیدر، شکیل چشتی، اعجاز عادل شاہ پوری، ڈاکٹر مطیع الرحمن عزیز، شبانہ فردوس، مہوش پروین، دانش احمد، ڈاکٹر محمد نداء الہدیٰ، محمد افتخار احمد سمیت سیکڑوں اردو نواز مرد و خواتین نے شرکت کی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اردو زبان کے فروغ کیلئے اس طرح کے ادبی اور تعلیمی پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہیں، اور نئی نسل کا اردو کی جانب بڑھتا رجحان مستقبل کیلئے نہایت خوش آئند اشارہ ہے۔

