جاپان کی بین الاقوامی ایجنسی جائیکا کے تعاون سے مہاراشٹر میں طبی شعبے کو مضبوط بنانے کی بڑی پہل

تاثیر 6 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی ، 6 مئی:مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا ہے کہ ریاست میں طبی شعبے کو مزید مضبوط، جدید اور مؤثر بنانے کے لیے جاپان کی بین الاقوامی تعاون ایجنسی ‘‘جائیکا’’ کے ساتھ اشتراک عمل کی نئی راہیں ہموار کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی کابینہ نے اس منصوبے کے لیے 3 ہزار 708 کروڑ کی مالی امداد حاصل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا کہ جائیکا اس سے قبل آسام اور تمل ناڈو جیسی ریاستوں میں کامیاب طبی منصوبے نافذ کر چکی ہے اور اب مہاراشٹر میں بھی ‘‘میڈیکل کیئر سسٹم’’ کو مضبوط بنانے کے لیے ریاستی حکومت کے ساتھ شراکت داری کی خواہاں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ خاص طور پر ریاست کے محکمہ طبی تعلیم کے اشتراک سے نافذ کیا جائے گا، جس کے تحت سرکاری میڈیکل، پیرا میڈیکل اور نرسنگ کالجوں کی بنیادی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اس کے ساتھ جدید تشخیصی نظام کو مضبوط کیا جائے گا اور مخصوص بیماریوں کے علاج کے لیے ‘‘سینٹر آف ایکسیلنس’’ قائم کیے جائیں گے۔