رائل اینفیلڈ کا آندھرا پردیش میں میگا مینوفیکچرنگ ہب کا قیام

تاثیر 7 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد ، 7 مئی :۔آندھرا پردیش کے صنعتی اورمینوفیکچرنگ کے عزائم کو ایک بڑی تقویت ملی ہے کیونکہ موٹرسائیکل بنانے والے مشہوربرانڈ ‘رائل اینفیلڈ’ نے اپنے نئے مینوفیکچرنگ توسیعی منصوبے کے لیے آندھرا پردیش کا انتخاب کیا ہے۔ یہ 1901 میں کمپنی کے قیام کے بعد سے تمل ناڈو سے باہراس کی پہلی بڑی توسیع ہے۔ کمپنی ضلع تروپتی کے علاقے ستیا ویدومیں، جو آندھرا پردیش اورتمل ناڈوکی سرحد کے قریب ہے،ایک جدید ترین مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کرنے کے لیے دو مراحل میں تقریباً 2,200 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گی۔ اس منصوبے سے رائل اینفیلڈ کی مینوفیکچرنگ کی صلاحیت میں تقریباً 9 لاکھ یونٹس کا اضافہ متوقع ہے، جس سے عالمی پریمیم موٹرسائیکل مینوفیکچرنگ ہب کے طورپرہندوستان کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگی۔ وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو کی سربراہی میں آندھرا پردیش اسٹیٹ انوسٹمنٹ پروموشن بورڈ نے اس پروجیکٹ کی منظوری دے دی ہے۔ حکومت آندھرا پردیش نے ستیا ویدو منڈل کے دیہات ونیلورواوررالاکوپم میں اس منصوبے کے لیے 267 ایکڑ زمین الاٹ کی ہے۔اس منصوبے سے تقریباً 5,000 براہ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، جبکہ پہلے مرحلے میں ایک مخصوص ’وینڈرپارک‘ بھی قائم کیا جائے گا، جو کمپنی کے سپلائر ایکو سسٹم کو آندھرا پردیش لانے اور ریاست میں عالمی معیار کے آٹوموٹیو کلسٹر کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کا ہدف 2029 مقررکیا گیا ہے، جبکہ دوسرا مرحلہ 2032 تک مکمل ہونے کی امید ہے۔